04 اکتوبر ، 2015
لاہور ........ این اے 122 لاہور کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں تحریک انصاف کے لاہور میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ، چیئرمین عمران خان جلسہ عام سے خطاب کیلئے لاہور روانہ ہوگئے۔
آج کل لاہور کے حلقے این اے 122 میں ضمنی الیکشن کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔کل حلقے کی سڑکوں پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا راج تھا تو آج پی ٹی آئی،سمن آباد کی ڈونگی گراؤنڈ میں جلسے سےاپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے ،جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں۔پتان کی آمد اور خطاب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
سمن آباد کی ڈونگی گراؤنڈ میںہر طرف پی ٹی آئی کے پرچم لہرا رہے ہیں،جگہ جگہ تصویری بینر آویزاں ہیں۔اسٹیج سج گیا، کرسیاں لگ گئیں ،جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ گراؤنڈ میں بنےاسٹیج پر پارٹی چیئرمین سینئر ساتھیوں کیساتھ بیٹھیں گے ،پنڈال میں سجی کرسیوں پر کارکن براجمان ہیں۔مزید کارکنوں کی آمد بھی جاری ہے۔
جلسہ گاہ میں داخلے کیلیے چھ دروازے رکھے گئے ہیں ،چاردیواری کو توڑ کر کچھ نئے راستے بھی نکال لیے گئے ۔مردوں اور خواتین کیلیے الگ الگ گیٹ ہیں۔جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ،بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات ہیں۔شرکاء کی واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈی ٹیکٹرز سے چیکنگ کی جارہی ہے،پنڈال کی سراغرساں کتوں سے سرچ کی گئی۔جلسہ گاہ میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلیے بڑا جنریٹر نصب کیا گیا ہے ، میڈیا کیلیے بڑے کنٹینرز پر اہتمام ہے۔