04 اکتوبر ، 2015
کراچی .....کراچی میں بلدیہ کے علاقے میں قائم ڈائنگ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ بلدیہ سائٹ کے علاقے رشید آباد میں فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں روانہ کی گئی تاہم آگ کی شدت میں اضافے کے باعث مزید چار فائر ٹینڈر اور دو واٹر باوزر کو روانہ کیا گیا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے کام کیا اور فیکٹری میں موجود افرا د کو نکالنے کے لیے فائربریگیڈ کی ایک ریسکیو گاڑی بھی موجود تھی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی رینجرز اور پولیس حکام بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد فائربریگیڈ کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا تاہم فیکٹری میں لگنے والی آگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔