پاکستان
05 اکتوبر ، 2015

ایم کیو ایم کے استعفوں پر آج چیئرمین سینٹ کی رولنگ متوقع

ایم کیو ایم کے استعفوں پر آج چیئرمین سینٹ کی رولنگ متوقع

اسلام آباد.......سینٹ کااجلاس آج ہورہا ہے۔ ایم کیو ایم کے سینٹرز کے استعفوں کے زیر التوا ہونے کے حوالے سے چیئرمین سینٹ کی رولنگ متوقع ہے۔سینٹ سے منظور شدہ تین بل جو قومی اسمبلی سے منظورنہ کئےجانے کی وجہ سے غیر موثر ہوگئے ان کو مشترکہ اجلاس میں پیش کیے جانے کی تحریک بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔

سینٹ کااجلاس آج شام تین بجے ہو رہاہے۔چئرمین سینٹ کی جانب سے ایم کیو ایم کے سینٹرز کے استعفی زیر التوا ہونے کے حوالے سے چیئرمین سینٹ قانونی اوت آئینی جواز کے ساتھ رولنگ دیں گے۔

سینٹ اجلاس میں فرحت اللہ بابر تحریک پیش کریں گے کہ سینٹ سے منظور ہونے والے تین بل جو قومی اسمبلی نے نوے دن میں منظور نہیں کیے انھیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں زیر غور لایا جائے۔ ان میں نجکاری کمیشن آرڈیننس ترمیمی بل،غیرت کے نام پرقتل پر کرمنل قانون میں ترمیم کابل اور انسداد جنسی زیادتی قانون میں ترمیم کا بل شامل ہیں۔

سینٹ میں سانحہ منی پر وزیر مذہبی امور اور مشیر خارجہ امور رپورٹ بھی پیش کریں گے ۔ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی دوقراددیں بھی ایجنڈا میں شامل ہیں۔بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کی جانب سے دستخط کیے جانے والے میثاق جمہوریت کے تحت ملک میں آئینی عدالتوں کے قیام سے متعلق سینیٹر کریم خواجہ کی تحریک بھی زیر غورآئے گی۔جس میں آئنی عدالتوں میں تمام صوبوں سے برابر تعداد میں ججز رکھنے کی تجویز ہے۔

چھوٹے صوبوں سے احساس محرومی کے خاتمے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈکا دفتر لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے سے متعلق سردار اعظم موسی خیل کی قرارداد بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔

مزید خبریں :