05 اکتوبر ، 2015
لندن ......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی، منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین لندن کے سدک پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے تھے۔
آج کی پیشی کے دوران اسکاٹ لینڈ یارڈ نے الطاف حسین سے منی لانڈرنگ اور عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے سوالات کیے ، انٹرویو مکمل ہونے کے بعد الطاف حسین کے وکلا نے ضمانت میں توسیع کی درخواست کی جسے منظور کرلیا گیا ۔
پیشی کے موقع پر الطاف حسین کو پچھلے دروازے سے پولیس اسٹیشن کے اندر لے جایا گیا،سدک پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کیلیے اردو مترجم کا بندوبست بھی کیا گیا ،اور الطاف حسین کو بتایا گیا کہ پچھلے ایک برس کے دوران تفتیش میں کیا پیش رفت ہوئی ہے۔
جس کے بعد الطاف حسین نے اپنے قانونی ماہرین سے ملاقات کی ،اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی رہنما ندیم نصرت،محمد انور،فاروق ستار،بیرسٹرسیف،بابرغوری اوردیگربھی موجود تھے ۔
الطاف حسین کو پہلی بار گزشتہ سال تین جون کو گرفتار کیا گیا، جب اسپیشل آپریشن یونٹ کے تفتیش کاروں نے کئی گھنٹے تک الطاف حسین کے گھر کی تلاشی لی تھی ۔ بعدازاں انھیں ضمانت پر رہائی ملی اور آخری بار رواں سال جولائی میں ضمانت کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کی گئی تھی۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ الطاف حسین کی رہائش گاہ سے ملنے والی رقم سےمتعلق مسلسل تحقیقات کررہی ہے ،اس کیس میں ایم کیوایم کے دیگر رہنماؤں سمیت 7 افراد نامزد ہیں ۔ یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ رقم کن ذرائع سے حاصل کی گئی اور اسے کس مقصد کےلیے استعمال کیا جانا تھا۔