05 اکتوبر ، 2015
لاہور......مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ایک طرف جذبہ ہے اور ایک طرف قبضہ ہے، 11 اکتوبر کو الزام تراشیوں اور جھوٹ پر مبنی سیاست کی شکست ہو گی، سچ اور پاکستان میں ترقی کے سفر کی فتح ہو گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے لاہور میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام ، مسیحی برادری اور دیگر اقلیتی کمیونٹی کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔
ان میں مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا امجد خان، مولانا سیف الدین سیف، علامہ زبیر احمد ظہیر، اور دیگر شامل تھے۔ رہنماؤں نے این اے 122 اور پی پی 147 سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کیا۔
بعد میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان 126 دن شریف النفس لوگوں کی عزت کو تار تار کرتے رہے۔ ان کے دائیں اور بائیں قرض معاف کرانے والے اور قبضہ گروپ ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے دن سے دھرنوں اور ایجی ٹیشن کے ذریعے اداروں اور عدالتوں کو دباؤ میں لانے کی سازش میں ملوث ہیں۔
اس موقع پر جسٹس پارٹی نے بھی ضمنی الیکشن میں غیر مشروط طور پر مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کیا۔