15 اکتوبر ، 2015
فیصل آباد.......وزیر مملکت عابد شیر علی کے والد چودھری شیر علی کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے پاس جعلی شیر ہے ،اس کی دم اورکان کاٹ دیں گے، وزیراعلیٰ کو ہمارے چہرے پسند نہیں تو پارٹی کو گڈبائے کہہ دیتے ہیں۔
خواجہ آصف اور چودھری نثار کے ٹاکرے کے بعد ن لیگ کے دو اور رہنمائوں چودھری شیر علی اور رانا ثناء اللہ کے باہمی اختلافات کی ہنڈیا بیچ چوراہے پر پھوٹ گئی۔ وزیر مملکت عابد شیر علی کے والد چودھری شیر علی کو اعتراض بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے انتخاب پر ہے، مگر نشانہ انھوں نے رانا ثناء اللہ کو بنایا اور ان پر چھوٹے بڑے کئی الزامات لگا دیے۔
چودھری شیر علی اور رانا ثناء اللہ کے دھڑوں میں رقابت ہر انتخاب کے موقع پر سامنے آتی ہے لیکن چودھری شیر علی نے اپنے بیٹے کے استعفے کا بھی عندیہ دیا ہے۔رانا ثناء اللہ جواب میں خود تو سامنے نہیں آئے لیکن فیصل آباد میں ان کے حامیوں نے پریس کانفرنس بلا لی۔ اس موقع پر ملک نواز نے رانا ثناء کا دفاع کیا۔
لیکن چودھری شیر علی نے اپنی پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب پر بھی تنقید کی اور ساتھ ہی ن لیگ کی کچھ دکھتی رگوں پر بھی ہاتھ رکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا شیر اپنے ہی قبیلے پر دہاڑا ہے، فیصل آباد کے اہم ضلع میں یہ جنگ ن لیگ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔