17 اکتوبر ، 2015
رحیم یار خان......رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور پولیس کے مابین جاری مقابلے کے دوران چھوٹو گینگ نےپولیس کی دو چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے سولہ روز سے جاری آپریشن میں پولیس کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔
پولیس زرائع کے مطابق رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں سولہ روز سے چھوٹو گینگ کے خلاف جاری پولیس کے آپریشن کے دوران پولیس ابھی تک نہ تو کسی ڈاکو کو مار سکی ہے اور نہ ہی گرفتار کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے ۔
گھنے جنگل ، چاروں طرف پانی اور جدید اسلحہ کے سامنے پولیس بے بس ہوگئی ہے دو طرفہ فا ئرنگ کے تبادلے کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس کی دو چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے اور جدید اسلحہ سے فائرنگ کاسلسلہ جاری ہے اب تک سات پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوچکے ہیں ۔
ضلع رحیم یار خان کے دو سو سے زائد پولیس اہلکار کچے کے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں اور قفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر آپریشن کے لیئے پاک فوج کو آپریشن کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق چھوٹو گینگ کے ساتھ دہشت گرد اور بی ایل او سمیت ایک سو کے قریب ڈاکو پولیس کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں ڈی ایس پی صادق آباد علی رضا شاہ کے مطابق انہوں نے ٹھٹھ پتن کے علاقے سے محاصرہ کر کے ڈاکوؤں سے کچی مورو کا علاقہ واگذار کرالیا ہے اور مقابلہ جاری ہے۔