01 نومبر ، 2015
مستونگ.......مستونگ کےعلاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں کوئٹہ سے راولپنڈی جانےوالی جعفر ایکسپریس میں سوار تین افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے۔
دشت کےعلاقے میں کوئٹہ کولپور سیکشن کے درمیان ریلوے ٹریک پر دھماکہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس کی آخری بوگیاں ٹریک سے گزر رہی تھیں،دھماکے سے ٹریک اور بوگی کو نقصان پہنچا اور اس میں تین افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے بعد لیویز فورس، ایف سی، بم ڈسپوذل اسکواڈ اور ریلوے کی امدادی ٹیمیں اور حکام دھماکے کی جگہ پہنچ گئے اور ریسکیو کا کام شروع کردیاگیا۔
دوسری جانب جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو لیویز فورس کی گاڑیوں اور ایدھی ایمبولینسوں کے زریعے سول اسپتال منتقل کردیاگیا،دھماکے میں جاں بحق تینوں محکمہ ریلوے کےاہلکار ہیں، جن کی شناخت محمد نواز، غلام مصطفے اور عبدالسلام کےناموں سے ہوئی ہے۔
بم ڈسپوذل اسکواڈ کے مطابق ریلوے ٹریک پر تقریبا آٹھ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیا جسے پہلے ہی سے ریلوے ٹریک پر نصب کیاگیا تھا،دھماکہ ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سےکیاگیا۔ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ریلوے ذرائع کے مطابق دھماکے سے ٹریک کا تقریبا ڈیڑھ فٹ حصہ متاثرہ ہوا جس کی بحالی کا کام شروع کردیاگیا،اس دوران ٹرین کو بھی اپنی منزل کی جانب روانہ کردیاگیا۔