02 نومبر ، 2015
دمشق........شامی صدرکے شاہی محل پر فوجی لڑاکا طیاروں کی بمباری کی اطلاعات ہیں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شامی حکومت کی حامی ویب سائٹس نے صدر بشار الاسد کے شاہی محل پر فوجی لڑاکا طیاروں کی بمباری کی خبریں نشرکیں۔
بشار الاسد کے حامی ذرائع نے روسی خفیہ اداروںکے حوالے سے بتایا کہ شامی صدر کی رہائش گاہ پر ایسے فضائی حملےکا سنگین خطرہ ہے۔ انہی ذرائع بے بتایا کہ بشار الاسد کے محل کی فضائی نگرانی کے لئے روس نے اپنے سخوئی طیاروں کو فضا میں رہنے کا حکم دیا ہے۔
شامی سیکیورٹی اور خفیہ اداروں کی مقرب سمجھی جانے والی بشار الاسد نواز ایک ویب سائٹ نے دعوی کیا ہے کہ روسی لڑاکا طیاروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ قصر جمہور پر حملہ کرنے والے کسی بھی جہاز کو فوری طور پر بغیر کسی اطلاع دیئے اور اجازت لئے مار گرایا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ روس شامی صدر کی رہائش گاہ کے تحفظ کے لئے ایک قلیل مدتی میزائل بیس بنانا چاہتا ہے۔شامی سیکیورٹی کے مقرب انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق یہ اقدام روسی صدر پیوٹین کی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے اس کا مقصد ایسا حفاظتی اقدام ہے جس کے ذریعے ان کی رہائش گاہ دفتر پر حملے میں بشار الاسد کے قتل کے بعد شام میں طاقت کا توازن بگڑنے سے روکا جا سکے۔