24 مئی ، 2012
اسلام آباد… پاک بھارت سیکرٹریز داخلہ کے دو روزہ مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہو گئے ہیں۔ مذاکرات میں میں نئی ویزا پالیسی پر غور کے ساتھ جرائم اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اہم معاملات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ پاک بھارت مذاکرات وفاقی سیکرٹری داخلہ خواجہ صدیق اکبر اور ان کے بھارتی ہم منصب آر کے سنگھ کے درمیان ہو رہے ہیں۔ مذاکرات میں کاروباری افراد ،بزرگ شہریوں اور پارلیمنٹرینز کو ویزا کے آسان اجراء کیلئے نئی پالیسی کی دستاویزپردستخط کئے جانے کے امکانات ہیں۔ مجوزہ نئی ویزہ پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو ایک سال ملٹی پل ویزہ کا اجراء ، انہیں پولیس رپورٹنگ سے مستثنٰی قرار دینے اور پانچ شہروں میں جانے کی اجازت شامل ہے۔اس کے علاوہ بزرگ شہریوں کوبھی پولیس رپورٹنگ سے استثنیٰ دینے اور پارلیمنٹرینز کو آسان ویزا اجراء سمیت عام شہروں کیلئے بھی ویزہ کی شرائط نرم کرنے پر غور کیاجائیگا۔ جرائم پیشہ عناصر اور اسمگلروں کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تعاون کی سفارشات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔