05 نومبر ، 2015
شارجہ......شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 127رنز سے ہراکر نا صرف سیریز دو۔صفر سے اپنے نام کرلی بلکہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دس سال کے طویل عرصے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان نے انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 284کا ہدف دیا تھا لیکن بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث پوری انگلش ٹیم 156رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمدحفیظ کو مین آف دی میچ جبکہ یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 46رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر نامکمل اننگز شروع کی، پاکستانی بولرز نے کھیل کے پہلے سیشن میں تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے نصف گھنٹے کے کھیل میں صرف 13رنز کے عوض 4انگلش بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیجا، جو روٹ یاسرشاہ کی گیندپر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ٹیلر کو ذوالفقار بابر نے شکار کیا، بیرسٹو اور پٹیل بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
عادل رشید نے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی السٹرکک کا زیادہ دیر ساتھ نہ نبھاسکے اور 22رنز بناکر راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ دوسری جانب کپتان السٹر کک نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرلی۔
وکٹیں گرنے کا سلسلہ کھیل کے دوسرے سیشن میں بھی جاری رہا ، کرس براڈ 20رنز بناکر یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے، کپتان کک نے بھرپور مزاحمت کی لیکن وہ بھی 63رنز کی اننگز کھیل کر شعیب ملک کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اسٹوکس12رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے 4، شعیب ملک نے 3ذوالفقار بابر نے 2 اورراحت علی نے ایک وکٹ حاصل کیں۔
تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ رہا تھاجبکہ ابوظبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست دی تھی اور شارجہ ٹیسٹ میں 127رنز سے کامیابی حاصل کی۔