05 نومبر ، 2015
ممبئی........انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی نے پہلی بار ہندی فلموں کے علاوہ بھارت میں بننے والی دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں کے لئے تین روزہ فلمی میلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آئیفا پہلی بار ’’ اتسوام فلم میلہ‘‘ آئندہ ماہ منعقد کریگی۔
انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی( ایفا) کے اتسوام ڈائریکٹر اندرے تمیس کا کہنا تھاکہ آئیفا ملک کا سب سے بڑا سینما میلہ منعقد کرنے جا رہی ہے جس میں جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کی خدمتوں کا اعتراف کیا جائے گا۔میلے میں جنوبی بھارت کی بہترین فلمیں دکھائی جائیں گی ۔
جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے لئے آئیفا کی جانب سےآئندہ ماہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے گچی بولی اسٹیڈیم میں پہلی بار تین روزہ فلمی میلے کا انعقاد کیا جائیگا جس میں تامل، تیلگو، ملایلم اور کنادہ زبانوں میں بننے والی فلموں کی نمائش سمیت ووٹنگ کے ذریعے بہترین فلموں اور اداکاروں کو ’’ اتسوام ایوارڈ‘‘ بھی دیئے جائیں گے۔ آئیفا کے تحت اس سے پہلے صرف ہندی فلموں کی عالمی نمائش اور میلے منعقدکئے جاتے تھے۔
جنوبی بھارتی فلموں کے سپر اسٹار کمال حسن کا کہنا ہے ’’ آئیفا اتسوام میلہ‘‘ نہایت ہی اچھا عمل ہے اس سے تامل، تیلگو اور ملایلم زبانوں میں بننے والی فلموں ، اداکاروں اور فلم سازوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ کمال حسن کا کہنا تھابھارت میں بننے والی سالانہ ایک ہزار سے زائد فلموں میں سے 600 سے زائد فلمیں جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری بناتی ہےاس لئے جنوبی بھارتی فلموں کو عالمی سطح کے ایوارڈ ملنے چاہئیے۔