پاکستان
10 نومبر ، 2015

وزیراعظم نے بلوکی پاور پلانٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم نے بلوکی پاور پلانٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہور........ وزیراعظم نوازشریف نے بلوکی پاور پلانٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے بلوکی پاورپلانٹ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوکی پاور پلانٹ سے 1223 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائیگی، بلوکی پاور پلانٹ کم ایندھن سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا منصوبہ ہے، پلانٹ 2017 میں کام کا آغاز کردے گا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہورہاہے ، اتنی بڑی بچتیں نہ پہلے کبھی دیکھیں نہ سنی ،ایسی شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ منصوبوں کا طے پاجانا انوکھی مثال ہے،تین منصوبوں کے لیے تین سو ارب کی رقم مختص کی ، اس میں سے 110 ارب روپے بچائے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ 110 ارب بہت بڑی رقم ہوتی ہے ، بہت سے دل للچاتے ہيں اس رقم پر، اگر پاکستان کی دولت پاکستانیوں پر صحیح طریقے سے خرچ ہوتی تو آج ملک کے حالات ایسے نہ ہوتے،بجلی تو پاکستان کی بنیادی ضرورت تھی ، نہ جانے اس سے صرف نظر کیوں کیا گیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر چل نکلا ہے،ملک میں افراط زر پندرہ سولہ سال کی کمترین سطح پر ہے ،اب معاملہ چل پڑا ہے ، اسے چلنے دینا چاہیے اور منطقی انجام تک پہنچنے دینا چاہیے،اگر دو سال تک ایسے ہی چلتے رہے تو پاکستان اپنے بحران سے نکل آئے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دو ہزار اٹھارہ تک پاکستان خوشحالی کی کافی منزل طے کرچکا ہوگا،دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے بہت سے منصوبوں میں تاخیر ہوئی،ملکی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے،ایسی سیاست کا کیا کریں گے جسے آپ کا شتکاروں پر ظلم کرکے پروموٹ کریں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسان پیکیج جتنا بڑا پیکیج ملکی تاریخ میں کبھی کسانوں کے لیے مختص نہیں کیا گیا،ملک کو آبی ذخیروں کی ضرورت ہے ، یہ ایک نہیں بلکہ دس ، بیس ، تیس ہونے چاہئيں،1999 ميں موٹر وے جہاں رک گئی تھی ، ایک انچ کسی نے آگے نہیں بڑھائی ، ہم اسے کراچی تک لے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :