12 نومبر ، 2015
ہیوسٹن..... آل اسٹارز کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں وارنز وارئیرز نے سچن بلاسٹرز کو57رنز سے شکست دے دی۔ وارنز واریئرز نے جیت کیلئے 263رنز کا ہدف دیا، جواب میں سچن بلاسٹرز کی ٹیم 205رنز بناسکی۔
ہیوسٹن کے منٹ میڈ پارک میں کھیلے جارہے میچ میںہدف کے تعاقب میں سچن بلاسٹرز کا آغاز اچھا نہ تھا ، 20کے مجموعی اسکور پر سہواگ تیز کھیلنے کی کوشش میں 16رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، گنگولی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، وہ 12 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کپتان ٹنڈولکر نے 20گیندوں پر30رنز کی اننگز کھیلی، انہیں ثقلین مشتاق نے کلین بولڈ کیا۔
شان پولاک نے22گیندوں پر 7چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 55رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔سوان نے 8بالز پر ناقابل شکست 22رنزبنائے۔ یوں سچن بلاسٹرزمقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 205رنز بناسکی۔ سائمنڈز نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اسے قبل سچن بلاسٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا، مائیکل وان اور میتھیو ہیڈن نے 51رنز کادھواں دار آغاز فراہم کیا ، وان 22گیندوں پر 30رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ ہیڈن نے 15بالز پر32رنز کی اننگزکھیلی۔
کیلس نے سچن بلاسٹرز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی اورتیز رفتار 45رنز بنائے، انہوں نے 23گیندوں کا سامنا کیا۔ سنگاکارا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 30گیندوں پر 70رنز بنائے ، ان کی اننگز میں 6چھکے اور 6چوکے شامل تھے۔ پونٹنگ نے صرف 16گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 41رنز اسکور کیے۔
وارنز واریئرز نے مقررہ 20اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 262رنز بنائے، یوں سچن بلاسٹرز کرمیچ جیتنے کیلئے 263رنز کامشکل ہدف ملا ہے۔
لانس کلوزنر نے 2، جبکہ مک گرا، سوان اور سہواگ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں وارنز واریئرز نے سچن بلاسٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دی تھی، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 14نومبر کو لاس اینجلس میں کھیلا جائے گا۔