پاکستان
16 نومبر ، 2015

کراچی میں غیرملکی ماہی گیروں کا احتجاج، دفتر نذر آتش

کراچی میں غیرملکی ماہی گیروں کا احتجاج، دفتر نذر آتش

کراچی......افضل ندیم ڈوگر......کراچی میں نارا کارڈ کے اجرا میں مشکلات کے خلاف غیرملکی ماہی گیروں کی بڑی تعداد نے فش ہاربر میں نارا دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ اس دوران جلاوٴ گھیراوٴ میں ایک ملازم جھلس گیا۔

فشریز ذرائع کے مطابق کراچی سے ماہی گیری کے لئے جانے والے بنگالی اور ایرانی باشندوں سمیت مختلف غیرملکی ماہی گیروں کو تین اور چھ ماہ کی مدت کے لئے نارا کارڈ جاری کیا جاتا ہے جس کی سرکاری فیس دو سو روپے مقرر ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت حکومت نے نارا کارڈ کے اجراء کی غرض سے ہر ماہی گیر کے لئے متعلقہ تھانے کی تصدیق ضروری قرار دے دی ہے۔ یہ پابندی اس سلسلے میں رشوت کا ذریعہ بن گئی ہے۔ نارا کے عملے پر مبینہ طور پر ایجنٹوں سے ملی بھگت کا الزام ہے جو جعل سازی کرکے تین سے چھ ہزار روپے لے کر نارا کارڈ جاری کرا دیتے ہیں جبکہ رشوت نہ دینے والے ماہی گیروں کو نارا کارڈ کے اجراء کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس سلسلے میں حکام کی توجہ حاصل کرنے کے لئے غیرملکی ماہی گیروں کی بڑی تعداد نے پیر کی دوپہر احتجاج کیا۔ مشتعل افراد نے دفتر کے باہر ٹائروں کو آگ لگائی، ہنگامہ آرائی کے دوران مظاہرین نے نارا دفتر پر حملہ کردیا اور سامان نذر آتش کردیا۔ اس دوران عملہ یرغمال بنا رہا جسے پولیس نے پہنچ کر بازیاب کرایا۔ آگ میں جھلس کے ایک ملزم زخمی ہوگیا۔

مزید خبریں :