17 نومبر ، 2015
شارجہ ......انگلستان نے جیمز ٹیلر اور جوس بٹلر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت تیسرا وَن ڈے انٹرنیشنل چھ وکٹوں سے جیت کر پاکستان کے خلاف چار میچز کی سیریز میں 2-1 سے برتری حاصل کرلی۔چوتھا اور آخری ون ڈے 20نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
شارجہ کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے وَن ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیتنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ابتدائی بیٹسمینوں نے بہتر بیٹنگ کی۔پہلی وکٹ 45، دوسری 92اور تیسری وکٹ 132 رنز پر گری مگر بعد میں آنے والے بیٹسمین یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے لگے اور پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 208رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
انگلستان کے فاسٹ میڈیم بولر کِرس ووکس نے 40رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین نصف سنچری نہ کرسکا۔ محمد حفیظ(45)اور اظہر علی(36)نمایاں اسکورر تھے۔دیگر کھلاڑیوں میں سرفراز احمد26 ، بابر اعظم22اورشعیب ملک 16رنز بنا سکےجبکہ کوئی اور کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوسکا۔
جواب میں انگلستان کا آغاز زیادہ اچھا نہیں تھا ۔ اس کی دو وکٹیں صرف 27پر گر گئیں۔تاہم بعد میں آنے والے بیٹسمینوں نے حالات کو سنبھال لیا۔ایلیکس ہیلز(30) اور کپتان ایون مورگن(35) اسکور87تک لے گئے۔
پھر لگاتاردو وکٹیں گریں مگر جیمز ٹیلر اور جوس بٹلرنے نہایت عمدہ بیٹنگ کی اورچوتھے وکٹ کے لئے 117رنز کی ناقابلِ شکستشراکت قائم کی اور انگلستان کو 41ویں اوور میں فتح دلا دی۔ ٹیلرنے67اور بٹلر نے 49رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے پہلا ون ڈے کھیلنے والے لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔