18 نومبر ، 2015
پشاور.....چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ گڈ گورننس کے لحاظ سے آئی ایس پی آر کے بیان کو غلط انداز میں نہیں لینا چاہیے، پنجاب اور سندھ کی حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں پولیس کواستعمال کر رہی ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پشاور پولیس لائنز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورننس بہتر بنانے سے متعلق آئی ایس پی آر کے بیان کا غلط مفہوم لیا جا رہا ہے، جمہوری حکومت خود کو بادشاہ نہ سمجھے بلکہ وہ عوام کے سامنے جواب دہ ہوتی ہے، جمہوری حکومت ذمہ دار ہوتی ہے، خود کو بادشاہ سمجھ بیٹھتی ہے۔
عمران خان نے پنجاب اور سندھ حکومتوں پر بلدیاتی انتخابات میں پری پول رگنگ کا الزام بھِی لگایا اور کہا کہ دونوں صوبوں میں پولیس کو دھاندلی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، پنجاب اور سندھ حکومتوں نے پولیس کو تباہ کر دیا ہے، بلدیاتی انتخابات جیتنے کے لیے اسے استعمال کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نےپولیس لائزان کونسل سے خطاب،آئی ٹی اسکول اور سنفر ڈاگز یونٹ کا دورہ بھی کیا اور حکام سے بریفنگ لی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں محکمہ پولیس کی اصلاحات سے 60 فیصد جرائم کم ہوئے اور پاک فوج نے بھی ضرب عضب کی کامیابی میں پولیس کے مثبت کردار کی تعریف کی،کورکمانڈ نے خود کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی میں خیبر پختونخوا پولیس کا بڑا ہاتھ ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے ہیڈ کوارٹر اور شرقی پولیس اسٹیشن میں عمران خان کو بم ناکارہ بنانے والے روبوٹس، خصوصی گاڑیاں، دیگر آلات اور رپورٹنگ روم بھی دکھایا گیا۔