20 نومبر ، 2015
بارسلونا......شفقت علی رضا......پاکستان کے معروف سماجی کارکن انصار برنی نے کہا ہے کہ میں انسانیت کو پہلی ترجیح دیتا ہوں ۔بحری قزاقوں کی قید سے کسی کو رہائی دلانا ہویا دنیا بھر کی جیلوں سے بے گناقیدیوں کومعافی دلانا ہو میں یہ نہیں سوچتا کہ وہ لوگ مسلمان ہیں ، ہندو یا عیسائی بلکہ میں انسانیت کی خدمت کو پیش نظر رکھتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ” دبئی میں اونٹ ریس بند کرانے کے لئے جب میں نے کوشش کی تو مجھ پر دو دفعہ قاتلانہ حملہ ہوا جس سے میں بال بال بچا ۔شاید اس لئے کہ اللہ نے مجھ سے انسانیت کی خدمت کا کام لینا تھا ۔ اب اونٹوں پر زندہ بچے نہیں بلکہ روبوٹ بٹھائے جاتے ہیں ۔“
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے اسپین کے دارالحکومت بارسلونا میں ’انسانی حقوق و امن‘ کے موضوع پرہونے والی ایک کانفرنس کے دوران کئے ۔ کانفرنس میں اسپینش اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس کا اہتمام ”یونیورسل ایسوسی ایشن برائے انسانی حقوق “ نے کیا تھا ۔کانفرنس میں ایسوسی ایشن کے صدر مہر عمران اختر ، فنانس سیکرٹری مہر فرحان اختر ، مہر ظہیر اختر ، سینئر نائب صدر علی رشید بٹ ،جنرل سیکرٹری ایس اے رضا ،عمر فاروق بٹ ،مہر ارسلان، تجمل رشید بٹ اور اجمل رشید بٹ نے بھی شرکت کی اور مختلف انتظامی امور انجام دیئے۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئر مین انصار برنی تھے جبکہ میڈریڈ میں تعینات سفیر پاکستان رفعت مہدی ، کمرشل قونصلر فیض احمد اور ویلفیئر اتاشی بارسلونا محمد اسلم خان غوری نے بھی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی تھی ۔
بارسلونا یونیورسٹی کے خوبصورت ہال میں منعقدہ اس کانفرنس کے دو سیشنز ہوئے پہلے حصے میں عیسائی ، سکھ ، ہندو اور دیگرمذاہب کے افراد نے اسٹیج پر آکر اپنے اپنے مذاہب کی کتابوں میں انسانی حقوق اور امن کے حوالے سے تحریر کئے گئے فرمودات پڑھ کر سنائے۔
اس موقع پر شمعیں بھی روشن کی گئیں جس کے بعد سانحہ پیرس میں دہشت گردی کا شکار بننے والوں کی تعزیت اور ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس میں ہال کے موجود تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر شرکت کی ۔
بعد ازاں پروجیکٹر کے ذریعے انصار برنی کی دنیا بھر میں انسانیت کے لئے سر انجام دی جانے والی خدمات پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جبکہ کانفرنس کے دوسرے سیشن میں شرکا کی تفریح کے لئے محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں اسپین کے عمران گروپ ، سویڈن کے کاشف فرخ اور انگلینڈ سے آئی معروف گلوکارہ حمینا شاہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔