20 نومبر ، 2015
کراچی......بھارت کے سابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر انیل کمار شاستری نے آج کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار پاکستان اور بھارت کے عوام کو لڑواکر زیادہ دیر نہیں چلنے والی۔
کانگریس کے سینئر رہنما انیل کمار شاستری اسلام آباد سے نجی دورے پر کراچی پہنچے تو مسلم لیگ ق سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ان کا استقبال کیا۔
انیل کمار شاستری کی ذاتی خواہش پر اُنہیں مزار قائد لے جایا گیا، مزار پر حاضری کے موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے بھارتی جنتا سے جو وعدے کئے وہ کچھ پورے نہیں کئے۔
انیل کمار شاستری کے ہمراہ موجود ان کی بیگم مزار کی حدود میں موجود بابائے قوم کے زیر استعمال گاڑیاں دیکھ کر بے حد متاثر ہوئیں۔
میزبانی کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے مسلم لیگ ق سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گاندھی اور مودی کے بھارت میں بہت فرق ہے۔
انیل کمار شاستری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بیچ سیاحت کا فروغ ضروری ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات بہتر ہوسکیں۔