20 نومبر ، 2015
اسلام آباد.......وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ آرمی چیف وزیر اعظم کی منظوری کے بعد امریکا کے دورے پر گئے ہیں، اس حوالے سے سول ، ملٹری مشاورت بھی ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ غیر ملکی دوروں میں وزیر اعظم اور آرمی چیف کا ایجنڈا ایک ہوتا ہے،وزیر اعظم نہ صرف آرمی چیف بلکہ ان کے پورے وفد کے دورے کی منظوری دیتے ہیں، آرمی چیف کے وزیر اعظم کی منظوری کے بغیر امریکا جانے کی باتیں مضحکہ خیز ہیں ۔
چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کو مزید جلد آگے بڑھائے گی، اٹارنی جنرل باہر ہیں، ان کی واپسی پر حکومت مشاورت کے بعد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آگے بڑھے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ خانانی اینڈ کالیا کے ذریعے 63 ہزار سے زائد بااثر پاکستانیوں نے اربوں ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی ہے ، امریکی حکومت سے تفصیلات لے کر یہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ واہگہ پر نشے میں دھت بھارتی کی گاڑی پاکستانی گیٹ سے ٹکرانے کا معاملہ فلیگ میٹنگ میں اٹھایا ہے، اگر ایس پاکستانی سائیڈ سے ہوتا تو بھارت دہشت گردی کی کوشش قرار دے کر پوری دنیا میں واویلا مچا چکا ہوتا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ ڈی پورٹیز کے حوالے سےنئے معاہدے تک کوئی ایئر لائن ڈی پورٹی کو پاکستان لائی تو اسے جرمانہ کریں گے۔