20 نومبر ، 2015
لاہور........بھارتی سکھ یاتری باباگورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے خصوصی ٹرین کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
یاترا پرآنے والے سکھوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے 800 سکھ یاتریوں کو لے کر پہلی ٹرین پاکستان پہنچی۔
واہگہ ریلوے اسٹیشن پر چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق سمیت دیگر حکام نے یاتریوں کا استقبال کیا۔میڈیا سے گفتگو میں سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان پہنچ کر خوش ہیں تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ویزہ فری موومنٹ ہونی چاہیے تاکہ عوام کا وقت بچے۔
چیئرمین متروکہ املاک صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ جب تک دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر سمیت دیگر مسائل حل نہیں ہوتے ویزہ فری موومنٹ ممکن نہیں۔
سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکھ یاتری اپنے قیام کے دوران حسن ابدال، ننکانہ صاحب، فاروق آباد، نارووال اور لاہور کا دورہ کریں گے۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی طرف سے سکھ یاتریوں کیلئے گورنر ہاؤس میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ یاتری 29نومبر کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔