دنیا
20 نومبر ، 2015

سعودی عرب نے شامی اپوزیشن کی نمائندہ کانفرنس طلب کرلی

سعودی عرب نے شامی اپوزیشن کی نمائندہ کانفرنس طلب کرلی

ریاض...........سعودی عرب نے شامی اپوزیشن قوتوں کی صفوں میں اتحاد کے قیام کے لیے مساعی تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں دسمبر کے وسط میں ریاض میں شامی اپوزیشن کی نمائندہ کانفرنس طلب کی گئی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مندوب عبداللہ المعلمی نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام کی تمام اپوزیشن قوتوں کی صفوں میں اتحاد کے قیام کا خواہاں ہے۔ ریاض کی جانب سے شامی اپوزیشن میں پائے جانے والے اختلافات کو کم کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔

ریاض نے ایک بار پھر حزب اختلاف کو کسی ایک موقف پر متحد کرنے کے لیے انہیں وسط دسمبر میں مشترکہ اجلاس کی دعوت دی ہے۔نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ المعلمی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کی جانب سے شام کی تمام حزب مخالف جماعتوں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا تاہم امکان ہے کہ یہ اجلاس دسمبر کے وسط میں منعقد ہو گا۔خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل ویانا میں شام سے متعلق ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، ترکی، ایران اور عالمی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبران نے شرکت کی تھی۔

مزید خبریں :