23 نومبر ، 2015
کراچی.......شہر میں بلدیاتی انتخابات میںچند دن باقی ہیں اورسیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے ۔ آج کراچی کے مختلف علاقوں میں جماعت اسلامی، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی ،اے این پی اور ایم کیوایم نے ریلیوں اورکارنرمیٹنگزکا انعقاد کیا۔
کراچی کے علاقے میٹروول میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف کے عمران اسماعیل کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔ ریلی سے خطاب میں ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کراچی کی خوشحالی اور ترقی کے دن قریب ہیں ، عوام ان لوگوں کو ووٹ دیں جو شہرکے لیےکام کریں ۔
عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کورنگی، مہران ٹاون اور بلال کالونی میں الیکشن دفاتر کا افتتاح کیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 2013 ءکے عام انتخابات میں اے این پی کو باہر رکھا گیا۔ امید ہے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے اے این پی کےبیشتر امیدوار کامیابی حاصل کریں گے۔
لیاری میں پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی جو بغدادی ،کلاکوٹ ،گل محمد لائن،آٹھ چوک ،بکرا پیڑی اور نیا آباد سے ہوتی ہوئی موسی لائن پر اختتام پذیر ہوئی ، ریلی میں شریک جیالوں کا جوش وخروش جوبن پر تھا ۔
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں الیکشن کیمپ لگادیے گئے ہیں۔ جہاں انتخابی سرگرمیاں زوروشورسے جاری ہیں۔