23 نومبر ، 2015
واشنگٹن........امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس کے پاس فرانس ،امریکہ یا دنیا کے کسی اور ملک میں داعش کے مزید حملوں کے متعلق کوئی قابل اعتبار اطلاع نہیں ۔
محکمہ خارجہ کا یہ بیان آن لائن ہیکر گروپ اینونیمس کی جانب سے انٹرنیٹ پر جاری کیے جانے والے اس بیان کے رد عمل میں سامنے آیا جس میں ہیکر گروپ نے داعش کی جانب سے مزید حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
اینونیمس نے اپنے آن لائن بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اس کے ہیکرز نے داعش کے بعض آن لائن اکائونٹس سے ایسی معلومات حاصل کی ہیں جن سے ظاہر ہورہا ہے کہ شدت پسند تنظیم کے جنگجو اٹلی اور لبنان سمیت کئی ملکوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ہیکر گروپ نے اپنے بیان میں ان مبینہ منصوبوں کی کوئی تفصیل نہیں بتائی تاہم اس نے دعویٰ کیا کہ اس نے یہ معلومات امریکی خفیہ اداروں سی آئی اے اور ایف بی آئی اور برطانیہ کی ایم آئی فائیو ایجنسی کو فراہم کردی ہیں۔
اینونیمس نے اپنے بیان میں جن مقامات پر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا ان میں امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست اٹلانٹا میں اتوار کی شب ہونے والا ریسلنگ کا ایک مقابلہ بھی شامل ہے۔