24 نومبر ، 2015
ابو ظہبی ........... امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ داعش کے شدت پسند گروپ کے خلاف متحدہ محاذ موجود ہے ،اور انھیں پورا یقین ہے کہ دہشت گردوں کو شکست ہوگی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران این بی سی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ اِس ضمن میں پہلے ہی حکمت عملی موجود ہے،امریکا کی قیادت میں اتحاد داعش کے خلاف فضائی حملے کر رہا ہے جس کے نتیجے میں گروہ کی عسکری طاقت ختم کی جا رہی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں اور سفارتی کوششیں کی جاری ہیں۔انھوں نے کہا کہ دہشت گرد جنھوں نے فرانس، لبنان اور مصر میں حملے کیے وہ داعش کے جنگجوؤں کے زیر اثر تھے اور عراق اور شام میںانکی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے لئے ہمدردی رکھتے تھے۔
اس سے قبل ابو ظہبی میں جان کیری نے ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ دورے کے اگلے مرحلے میں وہ ابو ظہبی سے اسرائیل جائیں گے۔