27 نومبر ، 2015
ایڈیلیڈ........کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے شہر ایلڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جمعہ سے ڈے اینڈ نائٹ میچ شروع ہو گا۔ ٹیسٹ میچ میں سرخ گیند کی جگہ گلابی گیند کا استعمال کیا جائے گا۔ یہ موجودہ سیریز میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ میچ ہے جو کہ کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد اضافہ ہوگا۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے گراؤنڈ میں 1884ءسے اب تک 146ٹیسٹ میچ کھیلے گئے۔ واضح رہے کہ 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان کو 1-0کی برتری حاصل ہے۔ جب کیری پیکر نے نائٹ کرکٹ، رنگین لباس اور سفید گیند متعارف کرائی تو سب نے ان کا مذاق اڑایا تھا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ تمام چیزیں بین الاقوامی کرکٹ کا حصہ بنتی چلی گئیں اور سب نے انھیں قبول کر لیا۔ لہذا اب کرکٹ میں گلابی گیند اور نائٹ ٹیسٹ میچ بھی ایک خوشگوار اضافہ ہے۔
ہوم ٹیم ایڈیلیڈ کے مقام پر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز میں گزشتہ 41برس سے ناقابل شکست ہے۔ کینگروز اور کیویز کے درمیان 1974سے 2008ءتک اس اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر چار میچز کھیلے گئے جس میں مہمان ٹیم کو دو بار اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔ دونوں ٹیمیں 7برس بعد اس اسٹیڈیم میں جمعہ کو دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی۔
مہمان ٹیم کے قائد برینڈن میک کولم تاریخ کا حصہ بننے پر خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ نیا تجربہ ٹیسٹ کرکٹ کیلیے زبردست ٹانک ثابت ہوسکتا ہے۔ تیسرا کرکٹ ٹیسٹ جیت کر سیریز کا اختتام برابری پر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو سیریز کے تیسرے میچ میں خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں برقی روشنیوں میں گلابی گیند سے بھرپور تیاریاں کرچکی ہیں۔