05 دسمبر ، 2015
نئی دہلی…بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کیلئے عام آدمی پارٹی کی حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کے نافذ ہونے کی صورت میں لوگ اپنی گاڑیاں ایک دن کے وقفہ سے چلا پائیں گے۔
طاق اعداد والی کاریں ایک دن اورجفت اعداد یا نمبروں والی گاڑیاں دوسرے دن چلیں گی تاہم اس کا اطلاق سرکاری گاڑیوں، ایمبولینسوں اور پولیس کی وینز پر نہیں ہوگا۔
اس فیصلے کی حمایت اور مخالفت میں زوردار بحث شروع ہو گئی ہے۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ قطعی درست نہیں ، اس سے افراتفری پھیلے گی۔
لوگوں نے یہ بھی سوال اٹھایا ہے کہ جب تک پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ٹھیک نہیں کیا جاتاایسا کرنا خطرناک ہوگا جبکہ فیصلے کی حمایت کرنے والوں نے دہلی حکومت کے اس قدم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دہلی کی فضا کو آلودگی سے پاک بنانے میں بہت حد تک مدد ملے گی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آلودگی میں اضافے پر ہائیکورٹ نے دہلی حکومت کی سرزنش کی تھی جس کے بعد کیجریوال نے ایک ہنگامی اجلاس بلایا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔