06 دسمبر ، 2015
نئی دہلی........بھارتی لوک سبھا کے رکن اسد الدین اویسی بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور عدم برداشت پر ایوان میں برس پڑے،اسد الدین اویسی کا کہنا تھاکہ آزادی کے 68 سال بعد بھی مسلمانوں کو پاکستانی کیوں کہا جا تا ہے ؟
مسلمان اور دلتوں کو شہروں میں گھر خریدنے یا کرائے پر لینے کی آزادی کیوں نہیں ہے؟ بتایا جائے کہ 100 گریجویٹ دلتوں اور مسلمانوں میں صرف 3 کو ملازمت کیوں ملتی ہے ؟۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکا کہنا تھاکہ مجھے اس ایوان سے سیاسی عدم برداشت کا ایک سوال پوچھنے کی اجازت دیں ، ایسا کیوں ہے کہ اگر میں بی جے پی کی مخالفت کروں تو مجھے قوم پرست مخالف کہا جاتاہے ، اگر میں کانگریس کی مخالفت میں بولوں تو سیکولرزم کا مخالف سمجھا جاتا ہے ، اگر میں سیکولر جماعت کی مخالف کروں تو مجھے فرقہ پرست کہا جاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عدم برداشت کا مظاہرہ کرتا رہوں گا ، کیوں کہ یہ جمہوری طور پر درست ہے ، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ یہ سیاسی عدم برداشت کس طرح سے کہلائے گا۔ہریانہ میں گائے کے ذبیحہ پر دس سال قید کی سزا ہوئی ، کانگریس نے اس کی حمایت کی ، جبکہ مجھ پر عدم برداشت اور فرقہ پرستی کا الزام مجھ لگتاہے ، ایسا کیوں ہے کہ تریپورہ کے گورنر نے 19 اکتوبر کو کہا کہ اگر مسلمان حرام جانور کا گوشت کھائیں توان کے آزادی اظہار کا خیر مقدم کیا جائے گا، کیا یہی ہماری عدم برداشت ہے۔
میں اس حکومت اور یہاں موجود نمایندہ جماعتوں سے ایک سوال کرکے اپنی بات کو ختم کرنا چاہوں گا کہ ایسا کیوں ہورہاہے ،مجھ پر پابندیاں کیوں ہیں ، میں کرناٹکا میں جاکر بات کیوں نہیں کرسکتا، میں اتر پردیش میں جاکر بات کیوں نہیں کرسکتا، اور ایسا کیوں کہ بیس فی صد مسلم آبادی کو مقدمات کا سامنا ہے۔