12 دسمبر ، 2015
کراچی.......کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔
سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوارکا کہنا ہے کہ 16 دسمبر کو سانحہ آرمی پبلک اسکول کو ایک سال ہونے کو ہے اور اس کے لئے کالعدم جماعتوں نے شہر میں بد امنی کے لئے دہشت گردوں کی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
دوسری جانب ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ٹریپل ٹو رائفل، ایک 9ایم ایم پستول اور ایک دستی برآمد ہواہے۔