12 دسمبر ، 2015
لاہور.......عمران خان کی سابقہ بیوی ریہام خان کا کہنا ہے کہ شادی کے دس ماہ کے دوران مسلسل ان پر حملے کیےگئے پر کوئی ان کے دفاع کےلیے آگے نہیں آیا،کچھ ان میں اور کچھ عمران خان میں خامیاں طلاق کا سبب بنیں۔
ریہام خان نے بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں اپنی طلاق کی وجوہات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں انہیں ایک بھارتی جریدے کی جانب سے خواتین کوبا اختیار بنانے کے موضوع پر بولنے کی دعوت دی گئی تھی،لیکن انہیں کہا گیا کہ وہ وہاں نہ جائیں،صرف عمران خان کےساتھ تعلق برقرار رکھنے کیلئے انہوں نے آخری لمحات میں یہ دورہ منسوخ کردیا،جس کا انہیں آج تک افسوس ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ریہام خان کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت برا محسوس ہوا جب شادی کے 10ماہ کے دوان ان پرمسلسل حملے کیےگئے پر کوئی ان کے دفاع کے لیے آگے نہیں آیا، وہ سمجھتی ہیں کہ اگر دو لوگ ایک دوسرے کےساتھ خوش نہ ہوں اورزندگی میں ان کے مقاصد مختلف ہوں تو بہتر ہے کہ وہ راستے الگ کرلیں۔
اپنی طلاق سے متعلق انہوں نے کہا کہ طلاق کا داغ ہمیشہ عورت کےساتھ لگا رہتا ہے، لیکن مرد کےساتھ ایسانہیں ہوتا۔مستقبل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ریہام خان نے بالواسطہ اشارہ دیا کہ وہ سیاست کے میدان میں قدم رکھ سکتی ہیں۔