28 جنوری ، 2012
کراچی…… رفیق مانگٹ…امریکا نے اعتراف کیا ہے کہ ہمارے بم ایرانی جوہری تنصیبات کو تباہ نہیں کرسکتے، ایران اور کوریا کی جوہری تنصیبات کی تباہی کے لیے امریکا نے خصوصی بنائے گئے20 بنکر بسٹر بموں پر330ملین ڈالر خرچ کیے ، 20.5فٹ طویل بنکر بسٹر بم5300پونڈ وزنی دھماکا خیز مواد کو 2سو فٹ زیر زمین تک پھٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے،امریکا اب طاقتور بم بنانے کیلئے کوشاں ہے ، امریکی اخبار’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے جنگی منصوبہ ساز اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ان کے سب سے بڑے روایتی بم ایران کی مضبوط ترین زیرزمین جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کے قابل نہیں ۔امریکا ایرانی جوہر ی تنصیبات سے زیادہ طاقتور بم بنا نے کی کوشش میں ہیں۔ 30ہزار پونڈ وزنی Massive Ordnance Penetrator نامی بنکر بسٹر بم خاص طور پر ایران اور شمالی کوریا کی طرف سے بھاری تنصیبات کے خطرے کے پیش نظر بنایا گیا تھا۔ لیکن اس کے ابتدائی ٹیسٹ سے اشارہ ملتا ہے کہ بم ایرانی تنصیبات کو تباہ نہیں کرسکتے کیونکہ ایران نے ان کی حفاطت کے لئے نئے اقدامات کیے ہیں۔امریکی محکمہ دفاع نے ایسے20 بنکر بسٹر بموں کی تیاری پر330ملیں ڈالر خرچ کر دیئے جنہیں بوئنگ کمپنی نے بنایا،پینٹاگون ان بموں کو مزید موٴثر بنانے کیلئے 82ملین ڈالر کے حصول میں ہے۔ امریکی وزیر دفاع لیون پینٹا نے اخبار کو انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا کہ ایران کے گہرے بنکرز کے مقابلے میں امریکی بموں میں بہت خامیاں ہیں۔ صدر باراک اوباما نے واضح کیا تھا کہ امریکا اور بین الاقوامی برادری ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرسکتی ہے ۔ امریکی ایئر فورس کے حکام کا کہنا ہے 20.5فٹ طویل MOPبنکر بسٹر بم 5300پونڈ دھماکا خیز مواد لے جانے کی صلاحیت رکھے ہیں اور یہ200فٹ زیر زمین جا کر پھٹنے کے حامل ہیں۔ ایرانی افژودگی کی جگہ کاپہاڑ کم از کم 200 فٹ لمبا ہونے کا اندازہ ہے۔