28 جنوری ، 2012
کراچی…رفیق مانگٹ…عراق سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد سے اب تک 434افراد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ امریکی اخبار’نیو یارک ٹائمز‘ کے مطابق گزشتہ ماہ کے وسط میں امریکی انخلاء کے بعد عراق بھر میں مختلف مقامات پر حملوں میں عراقی شہریوں کی یہ ہلاکتیں حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ ہیں۔عراقی وزارت داخلہ کے مطابق دسمبر میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔امریکی انخلاء کے بعدروزانہ اوسطاً 11عراقی موت کی بھینٹ چڑھے جب کہ اس سے قبل یہ ہلاکتیں روزانہ اوسطاً نو تھیں۔ گزشتہ دنوں بغداد میں ہونے والے بم حملے میں8پولیس اہلکاروں سمیت31افراد ہلاک اور60زخمی ہوئے۔گزشتہ پانچ ہفتوں میں ہونے والے حملوں سے عراقی شہری خوف کا شکار ہیں کہ ان کے رہنما سیاسی تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں اور وہ امریکیوں کی مدد کے بغیر ان حملوں سے ہمیں نجات نہیں دلا سکتے۔القاعدہ نے دوبارہ اپنے قدم جما دیئے ہیں جنہیں2008میں ختم کر دیا گیا تھا۔