پاکستان
16 دسمبر ، 2015

بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، وزیر اعظم نواز شریف

بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، وزیر اعظم نواز شریف

پشاور......وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید بچوں کا لہو بول رہاہے،بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیں گے۔

اے پی ایس میں دعائیہ تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا،تعلیم کے دشمن انسانیت کے دشمن ہیں،علم کی شمع بجھانے والوں کا وجود ختم کریں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پشاور کے سانحے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا تھا،اس سانحے نے کئی سوالات بھی کھڑے کردیے تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا کا لہو بول رہا ہے،ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، آپریشن ضرب عضب نےدشمن کی کمر توڑ دی ہے۔

وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کوششوں کو سراہا، کہا کہ ہماری بہادر فوج اور سیکیورٹی فورسز ایک جان ہوکر دشمن سے لڑرہی ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایک پر امن ملک بنانے کا عزم کا اظہار بھی کیا۔ دعائیہ تقریب میں وزیر اعظم نے 16دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے اورآرمی پبلک اسکول پشاور کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں :