پاکستان
16 دسمبر ، 2015

سانحہ پشاورکے غم نے پورے پاکستان کو ایک کردیا

سانحہ پشاورکے غم نے پورے پاکستان کو ایک کردیا

پشاور......حکومت اوراپوزیشن، وفاق اورصوبے، فوج اورعوام،بچے اور بڑے،مرداورخواتین،غم نے پورے پاکستان کو ایک کردیا۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم یک زبان، انتہاپسندی کے خلاف سب ایک صفحے پر۔

مساجد میں قرآن خوانی،گرجا گھروں میں دعائیں،شہر شہر ریلیاں،شمعیں روشن،ماں باپ کی آنکھوں کے تارے، آنکھوں میں ستارے بھر گئے،آرمی پبلک اسکول کے ننھے شہدا آج بہت یاد آئے۔

قیامت کو گزرے ایک سال ہوگیا،آج وہ دن ہے جب ہمارے اجالوں کو اندھیروں میں بدلنے کے لیے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا گیا،حملہ کرنے والوں نے چاہا تھا کہ علم کی شمع بجھ جائے،بچے ڈر جائیں،آئندہ وہ اسکول کا یونیفارم نہ پہنیں،لیکن دہشت گردوں کو شکست ہوگئی،وہ بچوں کو ڈرا نہیں سکے۔

اسکول کھلا تو شہید بچوں کے بھائی،دوست،کلاس فیلوز سب وہیں موجود تھے،سب نے سبز اور سفید رنگ کا وہی یونیفارم پہنا ہوا تھا۔

جیونیوز کے اینکرز نے بھی قومی پرچم کے رنگوں والا یونیفارم ان ہی بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پہنا ۔یہ یونیفارم اس بات کا اظہار ہے کہ ہم شہید بچوں کو نہیں بھولے،ہم انھیں کبھی نہیں بھولیں گے۔ شہدا کے خون نے وہ شمعیں روشن کی ہیں جن کی بدولت پاک وطن سے انتہاپسندی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔

مزید خبریں :