پاکستان
16 دسمبر ، 2015

سانحہ پشاور سے قبل بھی 16 دسمبر سیاہ تاریخ تھی، جب مشرقی پاکستان علیحدہ ہوا

کراچی......آرمی پبلک اسکول کے سانحے سے پہلے بھی 16دسمبر ایک سیاہ دن تھا،44سال پہلے اس دن مشرقی پاکستان علیحدہ ہوگیا تھا۔

16 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں دو الم ناک واقعات کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ گذشتہ سال آج ہی کے دن آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گردوں نے اس درندگی کا مظاہرہ کیا جس پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی ۔

ایک اور واقعہ جو ہرمحب وطن پاکستان کو خون کے آنسو رلاتا ہے وہ ہے 1971 ءمیں آج ہی کے دن پاکستان کے مشرقی بازو کی علیحدگی۔

20 مارچ 1971ءکو مشرقی پاکستان میں شورش کا آغاز ہوا۔ بھارت نے شیخ مجیب الرحمان کی مدد سے مکتی باہنی نامی تنظیم بنائی اور اپنے فوجی مشرقی پاکستان میں داخل کر دیئے۔

دسمبر 1971 ءمیں بھارت نے مغربی پاکستان پر بھی جنگ مسلط کر دی۔ پاکستان دو محاذوں پر بٹ کر رہ گیا۔ داخلی کمزوریوں اور عالمی برادری کی بےحسی نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

یہ شورش تقریباً نو ماہ تک جاری رہی جس کے بطن سے بنگلادیش نے جنم لیا اور پاکستان دو ٹکڑے ہوگیا۔ یہ سانحہ 16دسمبر 1971 ءکو رونما ہوا اور آج بھی یہ زخم روز اول کی طرح تازہ ہے۔

مزید خبریں :