پاکستان
16 دسمبر ، 2015

سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی یاد میں کوئٹہ میں تقاریب

سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی یاد میں کوئٹہ میں تقاریب

کوئٹہ......ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی یادمنائی جارہی ہے،اس سلسلے میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیاگیا ہے،جن میں شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

سانحہ پشاور کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام آرمی پبلک اسکول گیریژن اکیڈیمی کوئٹہ کینٹ میں کیاگیا۔ تقریب میں سدرن کمانڈ کےبریگیڈیئر محمد رمضان،گیریژن اکیڈیمی کےاساتذہ اور طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ شرکانے سانحہ پشاور کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی ، بعد میں کے شہدا کےلئےخصوصی دعابھی کرائی گئی۔

تقریب میں شہداءکی تصاویر پر مبنی سلائیڈ شو بھی پیش کیا گیا اور شمعیں روشن کی گئیں۔تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈیئرمحمد رمضان اور اکیڈیمی کے پرنسپل نے شہدا کو ان کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔

دوسری جانب کوئٹہ کےایک اسکول کی سالانہ تقریب سانحہ پشاور کے شہدا کے نام کردی گئی۔ اس خصوصی تقریب میں مہمان خصوصی صوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ نے شہدا کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ طلبا و طالبات نے سانحہ پشاور کے حوالے سے خاکے بھی پیش کئے۔

تقریب میں کہا گیا کہ اس واقعے سے ہمیں سبق لینا چاہئے، دل خون کےآنسو روتا ہے ایسے واقعات کو دیکھ کر، لیکن ہم نے ایک پختہ اردارہ دکھاناہے کہ ہم نے اس قسم کےواقعات کو آگے بڑھناہے،تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جس سے پاکستانی قوم آگے بڑھ سکتی ہے۔

سانحہ پشاور کا ایک سال مکمل ہونے پر صوبے میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے۔ بلوچستان بار ایسو سی ایشن کی کال پر یوم سیاہ منایاگیا۔ وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

مزید خبریں :