16 دسمبر ، 2015
اسلام آباد ......وفاقی دارالحکومت کے 122 تعلیمی اداروں کو شہدائے آرمی پبلک اسکول کے ناموں سے منسوب کردیا گیا، اسلام آباد میں یوم شہداء کی مناسبت سے ہونے والی دعائیہ تقاریب میں بچوں نے شہدائے اے پی ایس کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا اور دعائیں مانگیں۔
یہ ہمت، یہ جذبہ، یہ عزم، یہ حوصلہ، پاکستان کے ہر بچے کی ذات کا حصہ بن گیا ہے۔ آرمی پبلک اسکول پشاور کے چراغوں نے ہرسو روشنی بکھیر دی ہے۔ راولپنڈی آرمی پبلک اسکول کے بچوں نے تجدید عہد کرتے ہوئے شہداء اور زخمیوں کے نام پیغامات لکھے۔
شایان ناصر شہید کے نام سے منسوب اسکول میں بچوں نے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، بچوں نے فلک شگاف نعرے لگائے اورقلم کے زورسے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پرعزم نظرآئے۔
پاکستان ائیرفورس کی جانب سے شہداء کی یاد میں ہونے والی تقریب میں ٹیبلوز اور ترانے پیش کیے گئے۔وائس چیف آف ائیراسٹاف ائیر مارشل سعید محمد خان کا کہنا تھا کہ دشمن کو مات دینے کے لیے اس کی سوچ ختم کرنا ہوگی،ان بچوں نے ہمارے خوف کو مٹا دیا، ہمیں دشمن کے عزائم پسپا کرنے ہیں۔
زرداری ہاؤس میں بھی آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی ہوئی، جس میں سویٹ ہومز کے بچے، چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔