16 دسمبر ، 2015
نئی دہلی.......بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول سانحے کی برسی پر شہدا کی یاد میں ہمارے دل غمزدہ ہیں، بزدل دہشت گرد قوم کی ہمت کے سامنے نہیں ٹھہر سکتے۔
آرمی پبلک اسکول سانحے کا ایک سال مکمل ہونے پر شہدا کی یاد میں پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی سے اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا پاکستان میں ہوا ہے، دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے ہم سب کو مل کر اس کے خلاف لڑنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بزدل دہشت گرد پاکستانی قوم کے عزم کے سامنے کھڑے نہیں رہ سکتے، دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔