22 دسمبر ، 2015
پشاور.......خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون رکن ڈاکٹر مہرتاج روغانی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں،وہ حکومتی اتحاد کی طرف سے امیدوار تھیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر تحریک انصاف کے رکن کی طرف سے بیلٹ پیپر پولنگ ایجنٹ کو دکھانے پر اپوزیشن نے ہنگامہ کھڑا کردیا اور پولنگ کچھ دیر کے لئے معطل بھی رہی۔ا سپیکر اسد قیصر نے پریزائیڈنگ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں ۔
حکومتی اتحاد کی طرف سے ڈاکٹر مہر تاج روغانی اور اپوزیشن کی طرف سے ارباب اکبر حیات ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار تھے ۔تحریک انصاف کے عارف یوسف نے اپنا بیلٹ پیپر پولنگ ایجنٹ کو دکھایا تو مسلم لیگ ن کی ثوبیہ خان نے اعتراض کردیا۔ اپوزیشن ارکان بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور عارف یوسف کا ووٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ تاہم اسپیکر نے صورتحال پر قابو پالیا اور ووٹنگ کا عمل مکمل کرایا۔