28 مئی ، 2012
کراچی … صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں بلاول ہاوٴس میں ہونے والے اجلاس میں صدر کو لیاری میں محبت سندھ ریلی، قاضی احمد کے قریب بس پر فائرنگ اور مظفر بھٹو کے قتل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق ہونے والے اجلاس میں گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ، آئی جی سندھ، رینجرز و دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صدر مملکت کو لیاری میں محبت سندھ ریلی، قاضی احمد کے قریب بس پر فائرنگ اور قوم پرست رہنما مظفر بھٹو کے قتل سے متعلق تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلی اور بس پر فائرنگ اور مظفر بھٹو قتل کیس سے متعلق تحقیقات کیلئے سندھ ہائی کورٹ کو جج نامزد کرنے کیلئے لکھ دیا ہے ۔ صدر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ شرپسندوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں صدر آصف علی زرداری نے محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا ریلی پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد تربیت یافتہ تھے؟۔ انہوں نے استفسار کیا کہ واقعے میں کون کون سے ہتھیار استعمال کئے گئے؟ ۔ صدر نے اجلاس میں کہا کہ ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جاسکتے، اس میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔