28 مئی ، 2012
اسلام آباد…بلوچستان کی نیشنل پارٹی کے رہنماء حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کو کنٹرول میں کرنے کیلئے حکومت کو شارٹ اور لانگ ٹرم پالیساں تشکیل دینے کے ساتھ وہاں کے مقامی لوگوں کے مسائل کو سمجھنا ہو گا۔ اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں بلوچستان کے موجودہ حالات اور ان کے حل کے حوالے سے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے حاصل بزنجو نے کہا کہ بلوچستان میں حالات کی خرابی کی ایک وجہ وہاں کے لوگوں کو نظر انداز کیا جانا بھی ہے ،موجودہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے وہاں کی ضرویات کا جائزہ لیا جائے اور آزادنہ انتخابات کے ذریعے وہاں پر لوگوں کے حقیقی نمائندوں کو نمائندگی دی جائے۔ ممبر صوبائی اسمبلی کو ملنے والی رقم کو عوام کے لیے خرچ کیا جائے۔اس موقع پر عبدالمالک کاسی نے کہا کہ بلوچستان کو پرامن بنا کر ہی پاکستان میں حقیقی ترقی لائی جا سکتی ہے،انھوں نے حکومت سے درخواست کی کہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم نہ کیا جائے ورنہ غربت میں اضافہ ہوا۔ سیمینار میں مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا گیا اب حالات کی بہتری کے لیے مقامی سرداروں کو پیسہ دینے کی بجائے عوام کے مسائل کو حل کرنا ہو گا۔