28 مئی ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے 35 سال سے ایک پیسہ ٹیکس ادا نہیں کیا وہ کس منہ سے اوروں پر بہتان تراشی کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کے گھر کے اخراجات تک میاں نواز شریف نے اٹھائے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کے چیمبر سے جاری بیان میں چوہدری نثار نے کہا ہے کہ انصاف لیگ جھوٹ اور الزام تراشی کا سونامی لانے کی بجائے قوم سے سچ بولے، تبدیلی عمران خان جیسے اناڑی اور سیاست سے نابلد شخص کے کھوکھلے نعروں سے نہیں آئے گی اور نہ ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے بھگوڑے ملک کو اچھی قیادت فراہم کر سکتے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان اور ان کی رینٹل پارٹی کے اکابرین نے تو نیٹو سپلائی، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ کے ایشوز پر بات تک نہیں کی۔ چوہدری نثار نے جاوید ہاشمی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آبائی حلقے سے 58 ہزار ووٹوں کی بدترین شکست سے دو چار ہونے والا شخص راولپنڈی میں کسی کو کیا چیلنج کر سکتا ہے، جاوید ہاشمی کی 1993ء سے قومی اسمبلی میں موجودگی میاں نواز شریف کی مرہون منت ہے۔