29 دسمبر ، 2015
لاہور......لاہورہائیکورٹ کی طرف سےبھی کرکٹر محمد عامر کو کلین چِٹ مل گئی، قومی کرکٹ ٹیم میں ان کی شمولیت کے راستے میں آنے والی ایک اور رکاوٹ دور ہو گئی۔
میدان میں تندوتیز گیندوں سے مخالف کھلاڑیوں کی وکٹیں اکھاڑنے والے کرکٹر محمد عامر قسمت کے بھی دھنی ہیں،قومی کرکٹ ٹیم سےانہیں آؤٹ رکھنے کیلئے ہونے والی تمام اپیلیں مسترد ہوتی جا رہی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے پہلی ہی سماعت پر کرکٹر محمد عامر کے حق میں فیصلہ دے دیا۔جسٹس پارٹی کا ان کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف تھاکہ عامرکی ٹیم میں شمولیت سےپاکستان کی بدنامی ہوگی،پی سی بی کےقانونی مشیرتفضل رضوی نےعدالت کوبتایا کہ عامرسزابھگت چکے، کرکٹ کھیلنااب ان کا آئینی حق ہے۔
اس سےپہلےقومی کرکٹ ٹیم کےسینئرکھلاڑی پروفیسر محمد حفیظ اور ون ڈےٹیم کے کپتان اظہرعلی نےبھی محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت کی مخالفت کی تھی، لیکن بعد میں چیئرمین پی سی بی کی مداخلت پر دونوں کھلاڑی راضی ہو گئے۔