29 مئی ، 2012
کراچی ... کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرجانے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔جبکہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کراچی میں بجلی کے تعطل کا نوٹس لے لیا۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق 220 کلو واٹ بلدیہ ماڑی پور سرکٹ کی ٹریپنگ کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں کے میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ٹرپنگ کے باعث کے ای ایس سی کے 62 میں سے 14 گریڈ متاثر ہوئے ہیں۔ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق متاثرہ گریڈ میں کے ڈی اے، فیڈرل بی ایریا، فیڈرل اے ایریا، گلشن اقبال، گلستان جوہر، جیل روڈ، گلشن معمار، سرجانی، میمن گوٹھ، ملیر، گڈاپ، ناظم آباد اور سول ایوی ایشن اتھارٹی شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق کے ای ایس سی کا عملہ بحالی کے کاموں میں مصروف ہے اورمتاثرہ علاقوں کی بجلی جلد بحال کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریپنگ کی وجہ ایکسٹر ہائی ٹیشن لائن کی چوری بھی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ترجمان گورنر ہاوس کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے شہر میں بجلی کے تعطل کا نوٹس لیتے ہوئے کے ای ایس سی حکام کو بجلی کی فوری بحالی کے اقدامات کرنے کی ہدایات کی ہے۔