29 مئی ، 2012
لاہور ... ایران کے صوبہ فارس کے گورنر انجنیئرحسین صادغ عابدی نے کہا ہے کہ پاک ایران منصوبے کے لئے پاکستان پر بہت دباوٴ ہے تاہم ہماری طرف سے کوئی دیر نہیں،پاکستان جب چاہے گیس لے سکتا ہے۔یہ بات انھوں نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انجنیئر حسین صادغ عابدی 23 رکنی وفد کے ساتھ صنعتی نمائش میں شرکت کیلئے لاہور پہنچے۔ائرپورٹ پر صوبائی وزیر معدنیات چودھری عبدالغفور اور کمشنر لاہور ڈویژن جواد رفیق نے وفد کا استقبال کیا۔ایران کے صوبہ فارس کے گورنر انجنیئر حسین صادغ عابدی نے کہا کہ انھیں معلوم ہے کہ پاک ایران گیس منصوبے کے لئے پاکستان پر بہت زیادہ دباوٴ ہے لیکن وہ ہر طرح کے تعاون پر تیار ہیں۔ اپنے مترجم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان محفوظ ملک ہے۔ایران نے پہلے بھی سرمایہ کاری کی ہے اور مزید بھی کی جائے گی۔حسین صادغ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان برادر ہمسائیہ ملک ہے،دونوں ملکوں کے تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔