29 مئی ، 2012
کراچی… پاکستان اور امریکا نیٹو سپلائی روٹس کی بحالی کے لئے مصالحانہ فارمولہ پر کام کر رہے ہیں ،جس کے تحت اگر امریکا ٹوٹ پھوٹ کا شکار نیٹوسپلائی کی سڑکیں تعمیر کردے تو پاکستان نئی قیمت پر راضی ہوکر نیٹو سپلائی کھول دے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اور امریکا نیٹو سپلائی کا مسئلہ حل کر نے کے لئے کام کر رہے ہیں ۔ فارمولے کے تحت اگر امریکا نیٹو سپلائی کے لئے استعمال ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کا شکارپاکستانی سڑکیں تعمیر کردے تو پاکستان فی ٹرک 5000ڈالرز کے مطالبہ میں کمی کرکے تین سے پانچ سوڈالرز فی ٹرک کردے گا۔امریکی دفاعی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد فی ٹرک 5ہزار ڈالر طلب کر رہا ہے جبکہ سپلائی معطل ہونے سے پہلے250ڈالرز ادا کئے جارہے تھے۔ اتوار کو امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے اخباری نمائندوں کو بتایا تھا پاکستان کا مطالبہ امریکا کے لئے ناقابل قبول ہے۔ امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن نے جمعہ وہائٹ ہاوٴس میں امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر ٹام ڈونیلن tom donilonور ان کے نائبین سے ملاقاتیں کیں،پیر کو انہوں نے امریکا کے خصوصی نمائندے مار گراسمین سیاسی نوعیت کی ملاقات کی۔ اسی دوران امریکا کے نائب وزیر خاجہ تھامس نائڈس اور وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نیٹو سپلائی روٹس کی بحالی کے لئے آج بات چیت دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔