29 مئی ، 2012
پشاور… اورکزئی ایجنسی ،خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 14 شدت پسند ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ کرم ایجنسی میں گزشتہ روز مسافر بس پر فائرنگ کرنے والے شدت پسندوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیاگیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے علاقے مامو زئی میں آج صبح سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ کارروائی میں 9 شدت پسند ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے جبکہ تین ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ کرم ایجنسی کے علاقے چار خیل میں سیکیورٹی فورسز نے ایک گرفتار شدت پسند کا گھر گرادیا۔شدت پسند کو گزشتہ روز مسافر بس پر فائرنگ میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا۔فورسز نے مزید حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے لوئر کرم کے علاقوں بگن،اوچت،مندوری اور چار خیل میں غیر معینہ مدت تک کرفیو نافذکرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔اس دوران تین شدت پسندوں کو بھی اسلحہ و گولہ بارود سمیت گرفتار کرلیاگیا ہے۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر سیکورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شیلنگ کی جس کے نتیجہ میں 5 شدت پسند ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے،،شیلنگ سے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ وادی تیراہ ہی میں نامعلوم سمت سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ ایک مکان پر گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔