29 مئی ، 2012
لاہور… ملک میں بجلی کا بحران جاری ہے، شارٹ فال 6 ہزار 365 میگا واٹ ہونے سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہو گیا۔وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداوار10ہزار300میگاواٹ جبکہ طلب 16ہزار665میگاواٹ ہے۔ لاہور میں 9سے11گھنٹے جبکہ دیگر شہروں اور دیہات میں 18گھنٹے بجلی بند رہنے لگی ہے۔ شدید گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ کے ساتھ کئی علاقوں میں پانی بھی بند ہو جاتا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ہاوٴسز کوگیس اور تیل کی کمی کا سامنا ہے۔ آئی پی پیز کو تیل اور پیسے نہ ملے تو شارٹ فال مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ادھر لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام آج پھر ملک کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پرآگئے ، کوٹلی آزادکشمیر میں مظاہرہ کرنے والے افراد پر پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ،ہنگامہ آرائی میں ایک پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ کوٹلی آزادکشمیر میں بجلی کی 18 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجربرادری نے شٹر ڈاوٴن ہڑتال کر رکھی ہے، شہید چوک پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، مظاہرین نے گرڈ اسٹیشن کی طرف مارچ کی کوشش کی تو پولیس حرکت میں آگئی، مظاہرین پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ،، اس دوران مظاہرین نے بھی پولیس پارٹی پر پتھر برسائے، ہنگامہ آرائی میں ایک پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، صورتحال پر قابو پانے کے لئے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے اور گرڈ اسٹیشن کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردئے گئے ہیں۔ خانیوال میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیاجارہا ہے، مظاہرین نے کبیروالا بائی پاس لاہور روڈ پر احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، جس کے باعث لاہور ، جھنگ، شورکوٹ، فیصل آباد اور سرگودھا جانیوالا ٹریفک بلاک ہے، مظاہرین ٹائرجلا کر حکام کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔