29 مئی ، 2012
کراچی… قرض برائے ادائیگی قرض، اسٹیٹ بینک کے گورنر یاسین انور کہتے ہیں کہ پاکستان کو غیرملکی قرض ادائیگیوں کے لیے اس سال ایک بار پھر آئی ایم ایف کے پاس واپس جانا پڑسکتا ہے۔غیرملکی اخبار کو انٹرویو میں اسٹیٹ بینک کے گورنر یاسین انور کا کہنا تھا کہ فی الحال ملک غیرملکی ادائیگیاں کرنے کا اہل ہے، تاہم زرمبادلہ ذخائر میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ یاسین انور کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹیکس وصولیاں بڑھانے کے بجائے مرکزی بینک سے قرض گیری میں اضافہ کردیا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومتی خسارے پورے کرنے کے لیے نوٹ چھاپ کر حکومت چلائی جارہی ہے۔ رواں مالی سال اب تک مرکزی بینک سے حکومت 442 ارب روپے قرض لے چکی ہے۔ یاسین انور کا کہنا تھا کہ وہ ایک مشکل کام کررہے ہیں۔ انھیں خود مختاری تو حاصل ہے لیکن اتنی نہیں کہ حکومتی چیک واپس کردے۔