پاکستان
05 جنوری ، 2016

پاک بھارت تعلقات دونوں ممالک کو طے کرنا ہیں، امریکی سفیر

 پاک بھارت تعلقات دونوں ممالک کو طے کرنا ہیں، امریکی سفیر

اسلام آباد .......امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات کو کیا شکل دینی ہے ، یہ دونوں ممالک کی قیادت نے طے کرنا ہے، افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت ان کی پاکستان میں تعیناتی کا اہم ترین موضوع ہے۔

ایک ریڈیوانٹرویومیں ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کا مفاد افغان قیادت کے تحت افغان مفاہمتی عمل میں ہے، اس حوالے سے پاکستان کی سوچ مثبت اور تعمیری ہے، امریکا پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ اعلیٰ سطح کے رابطوں کو سراہتا ہے، درست راستہ بات چیت ہی ہے۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر اختلافات کےخاتمےکیلئے افغان عوام کی حوصلہ افزئی کریں گے، ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس پاکستان کیلئےبڑی کامیابی تھی، اس میں تمام علاقائی قوتوں نے افغان مصالحتی عمل کیلئےمشترکا عزم کااظہارکیا، اس عزم کا مشکل اور ابتدئی مرحلہ اب شروع ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، انتہاپسندی کاراستہ روکنے کیلئے فوجی کارروائی کے ساتھ تعلیم اور معاشی خوش حالی بھی ضروری ہے ، اے پی ایس طلباء کے جذبے نے بہت متاثر کیا۔ امریکی سفیر نےکہاکہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہی ہیں۔

مزید خبریں :